اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق صدر مملکت نے جنوبی ایران کے خلیج فارس میں جماران بحری جنگی جہاز کا معائنہ کرتے ہوئے ایک بیان میں کہا کہ یہ بات، ایرانی قوم کیلئے بہت زیادہ اہمیت رکھتی ہے کہ ایران کی مسلح افواج نے دشمنوں کے سامنے ایران کے دفاع کےحوالے سے اپنی طاقت وتوانائی کا بخوبی مظاہرہ کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اس قسم کی طاقت و توانائی کا مظاہرہ، ایران کو للچائی نظروں سے دیکھنے سے دشمن کو باز رکھنے کیلئے قابل ذکر اہمیت کا حامل ہے۔
ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے محمد رسول اللہ عظیم فوجی مشقوں کو بھی ایران کی مسلح افواج کی طاقت و توانائی اور آمادگی کے ایک نمونے سے تعبیر کیا اور تاکید کےساتھ کہا کہ ایران، مسلح افواج کی طاقت و توانائی کے زیر سایہ، فراہم ہونے والے امن و آسائش کے ساتھ اپنی پیشرفت جاری رکھے گا۔ قابل ذکر ہے کہ محمد رسول اللہ نامی عظیم فوجی مشقیں، بدھ کے روز صدر مملکت کی موجودگی میں اختتام پذیر ہوئیں۔ ان فوجی مشقوں میں ایرانی ساخت کے مختلف ہتھیاروں کے تجربات اور ان کا استعمال ہوا اور مسلح افواج نے مختلف فوجی و دفاعی شعبوں میں اپنے فوجی و دفاعی فن اور مہارت کا مظاہرہ کیا۔
.......
/169